واشنگٹن(آئی این پی ) فلوریڈا کی وفاقی جج نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف خفیہ دستاویزات کیس سماعت کیلئے مقرر کردی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف خفیہ دستاویزات غیر قانونی طور پر تحویل میں رکھنے کے مقدمے کی سماعت آئندہ برس مئی میں ہوگی۔ فلوریڈا کی وفاقی جج نے نومبر دوہزار چوبیس کے صدارتی انتخابات سے چند ماہ پہلے کی تاریخ دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ برس ٹرمپ کو مزید مقدموں کی سماعت کا سامنا ہوسکتا ہے۔ جن میں 2020 کے صدارتی انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے کا مقدمہ بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ ایف بی آئی نے گزشتہ سال اگست میں ڈونلڈ ٹرمپ کی فلوریڈا میں واقع رہائش گاہ پر تلاشی کے دوران 11 ہزار سے زائد حساس دستاویزات قبضے میں لی تھیں۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاوس چھوڑنے کے بعد خفیہ سرکاری دستاویزات رکھنے اور محکمہ انصاف کی تحقیقات میں رکاوٹیں ڈالنے کے37 الزامات کا سامنا ہے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف خفیہ دستاویزات کیس سماعت کیلئے مقرر
Jul 23, 2023