بلوچستان کے مختلف علاقے نو گو ایریا، ہر طرف آگ لگی ہے، سراج الحق

Jul 23, 2023

اسلام آباد(خبرنگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقے نو گو ایریا، ہر طرف آگ لگی ہے، حکمرانوں کے علاوہ سب غیر محفوظ ہیں، صوبہ میں 65فیصد کرپشن، بجٹ کا 70فیصد غیرترقیاتی کاموں کی نذر ہو جاتا ہے، 83فیصد بچیاں سکول نہیں جاتیں، 27لاکھ بچوں میں سے 19لاکھ تعلیم سے محروم ہیں۔ دیہاتوں اور چھوٹے شہروں میں ڈاکٹرز نہیں، لوگ معمولی امراض کے علاج کے لیے سیکڑوں میل دور کوئٹہ یا کراچی جاتے ہیں۔ وزیراعظم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ 12اگست سے قبل بلوچستان کے مسائل پر کوئٹہ میں کابینہ کا اجلاس بلائیں، مقامی عمائدین سے مشاورت کی جائے، اگر ایسا نہیں ہوا تو جماعت اسلامی بلوچستان کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے قومی مشاورت کا آغاز کرے گی۔ حکمرانوں کا اس ملک سے کوئی لینا دینا نہیں، ان کے بچے اور کاروبار باہر ہیں، یہ صرف یہاں اقتدار کے لیے موجود ہیں، ہمارا جینا اور مرنا اس ملک کے ساتھ ہے، ہمارے پاس گرین پاسپورٹ نہیں، ہماری غیرت یہ گوارا نہیں کرتی کہ ملک کو مسائل میں چھوڑ کر لندن، امریکا بھاگ جائیں۔ بلوچستان وسائل سے مالامال ہے، صوبہ گیم چینجر ہے، اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پرامید ہوں، جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کوئٹہ میں بلوچستان کے مسائل پر ’’قومی امن جرگہ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جرگہ میں جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر عبدالحق ہاشمی، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، نواب غوث بخش باروزئی، شیخ جعفر خان مندوخیل، مولانا عبدالقادر لونی، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، قبائلی عمائدین، علما کرام اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

مزیدخبریں