داعش کی افغانستان منتقلی، ایران کا دعویٰ غلط، مسترد کرتے ہیں، افغان طالبان

Jul 23, 2023

کابل ( نوائے وقت رپورٹ)  افغان وزارت خارجہ نے ایران کے وزیر خارجہ کا یہ دعوی سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ داعش کے رہنما عراق، شام اور لیبیا سے افغانستان منتقل ہوئے ہیں۔مذکورہ وزارت کے ترجمان نے اپنے ٹویٹر پیج پر ایرانی فریق کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کی سیکیورٹی فورسز نے بیرونی جارحیت کے دوران اور جارحیت کے خاتمے کے بعد بھی داعش کے خلاف سنجیدگی اور باقاعدگی سے جنگ لڑی ہے۔ جس کے نتیجے میں یہ گروہ اپنی تخریبی صلاحیت کھو بیٹھا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اگر ایران کے پاس داعش کی افغانستان منتقلی کے بارے میں کوئی اطلاع ہے تو امید ہے کہ اسے شیئر کیا جائے گا تاکہ افغان سیکیورٹی فورسز ضروری کارروائی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا عرب ممالک کے ساتھ افغانستان کی مشترکہ سرحد نہیں ہے، اس کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالنے کے بجائے بہتر ہے کہ یہ ممالک اپنی سرحدوں کی حفاظت کے حوالے سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ کسی کو افغانستان کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے یا ہماری سرزمین کسی اور کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔انہوں نے یہ بھی کہا ایرانی حکام کو چاہیے افغانستان کے بارے میں تشویشناک بیانات کے بجائے دونوں پڑوسی و دوست ممالک اور عوام کے درمیان تعمیری اقتصادی، سیاسی اور سماجی تعلقات پر توجہ دیں۔

مزیدخبریں