نگراں حکومت پر مشاورت، آصف زرداری کے بعد نواز شریف کی بھی دبئی آمد

ابوظہبی: نگراں حکومت پر مشاورت کیلئے سابق صدر آصف زرداری کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی دبئی پہنچ گئے۔ دونوں سیاسی رہنما عبوری سیٹ اپ پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق عبوری حکومت کی آمد سے قبل دبئی میں ایک بار پھر سیاسی سرگرمیاں زور پکڑ گئیں۔ نواز شریف سعودی عرب سے دوبارہ دبئی آمد کے بعد آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔

قبل ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی دبئی میں ڈیرے ڈال چکے ہیں۔ آصف زرداری نے گزشتہ روز دبئی آمد کیلئے خصوصی طیارے کی فلائٹ حاصل کی تھی۔دبئی میں آصف علی زرداری اور نواز شریف کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں ہوں گی۔ چند روز دبئی میں قیام کے بعد نواز شریف اور آصف زرداری اپنی اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گے۔بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت نگراں حکومت اور بالخصوص نگراں وزیر اعظم کے نام پر مشاورت کر رہی ہے۔ مریم نواز اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے بعد گزشتہ شب وطن واپس پہنچی تھیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل نگراں وزیر اعظم کے عہدے کیلئے ریٹائرڈ بیوروکریٹس اور ججز کا انتخاب کیا جاتا تھا.تاہم رواں برس نگراں وزیر اعظم کیلئے کسی سیاسی شخصیت کا انتخاب کیے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن