پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے جونیئر اسکوائش چیمپئن حمزہ خان کو 10 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔جاوید آفریدی نے جونیئر اسکوائش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر حمزہ خان کو مبارکباد دی اور زلمی فاؤنڈیشن کی جانب سے 10 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔جاوید آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ حمزہ خان کی جانب سے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر پورے پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے مزید کہا کہ قوم کو حمزہ خان کی کامیابی پر فخر ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑی حمزہ خان نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ حمزہ خان نے پاکستان کو 37 سال بعد ورلڈ جونیئرچیمپئن بنا دیا۔فائنل میں حمزہ خان نے مصر کے محمد زکریا کو 1-3 سے شکست دی۔اسکواش لیجنڈ جان شیر خان نے آخری بار 1986 میں ورلڈ جونیئر کا ٹائٹل جیتا تھا۔