پشاور (نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں سرکاری گرلز اسکول کو دھماکا خیز مواد سے اْڑا دیا گیا۔صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کے مطابق گزشتہ رات 12 بجے نامعلوم افراد نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول فضل الٰہی زیرکی کو دھماکا خیز مواد سے اْڑادیا۔ دھماکے سے سکول کے 7 کمرے مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔۔سکول میں 255 طالبات زیر تعلیم تھیں۔ دھماکے کے بعد ڈائریکٹریس ایجوکیشن اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیر تعلیم نے بتایا کہ سکول کو دوبارہ بہت جلد فعال کردیا جائے گا۔قبائلی اضلاع میں تعلیمی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ اس قسم کے واقعات سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوتے۔ تعلیمی اصلاحات کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
شمالی وزیرستان : نامعلوم افراد نے سرکاری گرلز سکول دھماکہ خیز موادسے اُڑا دیا
Jul 23, 2024