اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے صدر آصف علی زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ترجمان میئر کراچی کے مطابق ملاقات میں صدر مملکت نے میئر سے کراچی کے معاملات پر بریفنگ لی۔ میئر کراچی نے ترقیاتی کاموں اور پانی کے منصوبوں سمیت بلدیاتی امور پر صدر کو بریفنگ دی اور بارشوں اور اس سے متعلق اقدامات پر آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے کراچی کو اربن فلڈنگ سے بچانے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر نے میئر کراچی کو زیر زمین پانی کو قابل استعمال بنانے کے منصوبوں کی حکمت عملی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر سیوریج کا پانی سمندر میں جانے سے پہلے ٹریٹمنٹ اور قابل استعمال بنانے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت کراچی کو شہری سیلاب سے بچانے سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی میں شہری سیلاب روکنے کے لئے جامع منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر تیار کرنا ہوگا۔ کراچی کو سیلاب سے بچانے کے لئے حکومت سندھ پائیدار حکمت عملی اپنائے۔ عالمی معیار کے مطابق سیوریج اور سیلابی پانی کے مؤثر انتظام کا نظام اپنانا ہوگا۔ زیر زمین سرنگوں کے ذریعے سیلاب پر قابو پانے کی فزیبلٹی سٹڈی تین ماہ میں مکمل کی جائے۔ حیدرآباد کو سیلاب اور سیوریج کے مسائل کا سامنا ہے جسے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں صدر مملکت کو عالمی آبی اور سیوریج مینجمنٹ ماہرین کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ ماہرین نے کراچی میں شہری سیلاب اور سیوریج کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مختلف تجاویز دیں۔ ماہرین نے واشنگٹن، لندن اور سنگاپور کے زیر زمین سرنگوں کے سیوریج نظام پر بھی روشنی ڈالی۔