اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) بیرون ملک سیاسی پناہ لینے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ کا اجرا معطل کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اہم امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری داخلہ، حکام وزارت خارجہ اور دیگر شریک ہوئے۔ نائب وزیراعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بروقت پاسپورٹ اجرا کی سہولت پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے پاسپورٹ کا 60 دن کے اندر اجرا کر دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ سیاسی پناہ کے خواہاں افراد کو پاکستانی پاسپورٹ کا اجرا معطل کرنے کا سرکلر 5 جون 2024 کو جاری کیا گیا تھا۔ دوسری طرف ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے مسقط کی وادی کبیر میں مسجد پر حالیہ دہشت گردانہ حملے پر مذمت کا اظہار کیا۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے دہشت گردی سے نمٹنے کی کوششوں میں عمان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے عمانی ہسپتالوں میں جاں بحق افراد اور زخمی پاکستانی شہریوں کی دیکھ بھال میں عمان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون سے لے کر عوامی روابط سمیت دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے اس ہفتے کے آخر میں عمانی سرمایہ کاروں کے ایک وفد کے آئندہ دورے کا خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قیادت کے ساتھ ساتھ وزارت خارجہ کی سطح پر دوروں کے تبادلے پر اصولی طور پر اتفاق کیا۔