لاہور (نیوز رپورٹر) انڈونیشیا کے ماہرین تعلیم کے اعلیٰ سطحی وفد نے ارفع کریم ٹاور میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کا دورہ کیا۔ وفد کا استقبال چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر (T.I) نے کیا۔ڈاکٹر شاہد منیر نے وفد کو اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے پی ایچ ای سی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفد نے انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان تعلیمی تبادلے کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ پاکستانی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم انڈونیشی طلباء تعلیم کے معیار اور تعلیم کیلئے سازگار ماحول سے مطمئن ہیں۔ وفد نے انڈونیشیا اور پی ایچ ای سی کے درمیان ماہرین اور سکالرز کے تبادلے پر اتفاق کیا۔انڈونیشیا کے وفد میں انڈونیشیا کے سفارتخانے کے قائم مقام سفیر/ قونصلر جناب رحمت ہنڈیارتا، اکسلسیا مرزا، رادن محمد ابراہیم، رانول ایڈروڈو، قرۃ العین رفیع افنان، اور حسیب خان شامل تھے۔اس موقع پر پی ایچ ای سی کے چیف آپریٹنگ آفیسرڈاکٹر منصور بلوچ ،ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈاکٹر تنویر قاسم،ڈائریکٹر ایکریڈیشن ڈاکٹر ممتاز حسین اور نعمان مقبول راؤ بھی موجود تھے۔