لاہور (کامرس رپورٹر) بینک آف پنجاب نے کراچی میں لوکل انڈسٹری کے رہنماؤں کیساتھ پروفیسر سٹیفن ڈیرکون کا ایک انٹرایکٹو سیشن منعقد کیا۔ سٹیفن ڈیرکون آکسفورڈ یونیورسٹی میں اکنامک پالیسی کے پروفیسر ہیں ۔ وہ پالیسی ایڈوائزر بھی ہیں اورسٹرٹیجک اکنامک اور ڈویلپمنٹ ایڈوائس فراہم کرتے ہیں ۔ انکی کتاب ’’گیمبلنگ آن ڈویلپمنٹ: کیوں کچھ ممالک جیتتے اور دوسرے ہارتے ہیں‘‘مئی 2022میں شائع ہوئی جو انکی تحقیق اور 40 سے زائد ممالک میں پالیسی کے تجربے پر روشنی ڈالتی ہے۔پروفیسر ڈیرکون نے بتایا پاکستان میں معیشت کا موجودہ ڈھانچہ وسائل کی تقسیم کو مسخ کرتا اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ بہتری کیلئے معیشت کو درآمدات سے ہٹا کر برآمدات کی طرف لے جانا ہوگا۔ بینک آف پنجاب کے سی ای او ظفر مسعود نے پروفیسر ڈیرکون اور بزنس کمیونٹی کا تقریب میں خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے مسٹر ڈیرکون کے حکومت پاکستان کیساتھ کام کرنے اور ’’کمیٹی آن دی ہوم گرائون پلان‘‘ کے سربراہ کے طور پر انکی خدمات کو سراہا۔