پہلا 4روزہ میچ ، پاکستان شاہیز نے بنگلہ دیش اے کو 148رنز سے شکست دیدی

Jul 23, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کیخلاف پہلا 4 روزہ میچ 148رنز سے جیت لیا۔پاکستان شاہینز کی اس جیت میں لیفٹ آرم اسپنر مہران ممتاز اور فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ڈی ایکس سی ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیش اے کو جیتنے کیلئے428رنز کا ہدف ملا تھا لیکن مہران ممتاز اور شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں وہ اپنی دوسری اننگز میں 279رنز پر آئوٹ ہوگئی۔مہران ممتاز نے 84رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔شاہنواز دھانی نے 57رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔بنگلہ دیش اے نے میچ کے آخری روز 20رنز بغیر کسی نقصان کے دوسری اننگز شروع کی اور پہلی وکٹ کے لیے 50اور دوسری وکٹ کیلئے 69رنز کی شراکت قائم کی۔ ایک موقع پر 190رنز پر اس کی صرف 3 وکٹیں گری تھیں لیکن 36رنز کے اضافے پر اس کی 5وکٹیں گرگئیں۔بنگلہ دیش اے کی دوسری اننگز میں امیت حسن نے 14چوکوں کی مدد سے71رنز اسکور کیے۔ پرویز حسین نے57رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔بنگلہ دیش اے کی آخری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 29رنز کی وجہ سے پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے کچھ انتظار کرنا پڑا تاہم محمد علی نے آخری بیٹر مقید الاسلام کو ہریرہ کے ہاتھوں کیچ کراکر جیت کو مکمل کردیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ جمعہ سے اسی گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں