لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین کیساتھ ساتھ انکے اہل خانہ اور بچوں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے مسلسل مصروف عمل ہیں۔ اسی سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات ملازمین کے سنگین بیماریوں کا شکار بچوں کے علاج معالجے کیلئے مزید 11 لاکھ روپے جاری کردئیے ہیں۔ سرگودھا کے کانسٹیبل ثاقب محمود کی 05 سالہ بیٹی عنایہ ثاقب کے بلڈ کینسر کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے گئے۔ ٹریفک وارڈن محمد آصف کی 09 سالہ بیٹی خذرہ آصف کو ٹانگوں کی سرجری کیلئے 02 لاکھ روپے جاری کئے گئے۔ جونیئر کلرک عاطف علی کو 05 سالہ بیٹی حورین فاطمہ کے ہاتھ کی سرجری کیلئے 02 لاکھ روپے دئیے گئے۔ خانیوال کے زخمی کانسٹیبل محمد رفیق کو علاج معالجے کیلئے اڑھائی لاکھ روپے جاری کئے گئے۔ اے ایس آئی محمد شہباز کو 11 سالہ بیٹے اور سینٹری ورکر اکرم مسیح کو 16 سالہ بیٹے کے علاج کیلئے 01 لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔