ننکانہ صاحب ( نامہ نگار) ننکانہ کے علاقہ بچیکی میں بااثر افراد کا محنت کش کے گھر دھاوا‘ گھر کے تمام کمرے مسمار کر دئیے۔ محنت کش سے نقدی‘ موبائل اور سامان لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق محنت کش رمضان نے اپنے بیٹے شہباز احمد اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ بتایا کہ اس نے لاہور جڑانوالہ پر 2017 میں زمین خریدی اور کچھ عرصہ قبل مکان تعمیر کر کے رہنا شروع کر دیا۔ رمضان کے مطابق گذشتہ رات بااثر افراد دیوار پھلانگ کر گھر داخل ہوئے کمروں اور واش روم کو گرانا شروع کر دیااور میری بہو کیساتھ بدتمیزی بھی کی اور اسے تشدد کانشانہ بنایا۔ رمضان نے الزام لگایا کہ مذکورہ افراد جاتے ہوئے شہباز سے ہزاروں روپے ‘ موبائل اور سامان بھی لے گئے۔ متاثرین نے ڈی پی او سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔