بھوئے آصل (نامہ نگار ) کوٹ رادھاکشن میں قبضہ مافیا نے قبرستان کا رخ کرلیا ، انتظامیہ کی خاموشی پر علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ رادھاکشن چھانگا مانگا روڈ پر واقع قبرستان کی جگہ قبضہ مافیا نے قبضہ کرنے کی کوشش کی قبرستان کی جگہ سڑک کے دونوں اطراف ہے کروڑوں روپے مالیت کی خالی زمین جو کہ قبرستان کے نام پر الاٹ ہے پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی جس پر علاقے کے درجنوں مکین افتخار احمد، راجہ زبیر احمد کیانی ، ملک جمیل شاکر ، علی احمد و دیگر نے چھانگا مانگا روڈ پر احتجاج کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب ‘ ڈی سی قصور، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھاکشن سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری نوٹس لیں جب اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھاکشن سے موقف لیا گیا تو انہوں نے کہا کہ محکمہ ہائی وے سے بھی نقشہ طلب کر لیا ہے اور متعلقہ پٹواری کو اس سلسلہ میں تمام ریکارڈ کو چیک کرنے کا حکم دے دیا ہے کسی کیساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائیگی۔
کوٹ رادھاکشن : بااثر مافیا کی قبرستان کی اراضی پرقبضہ کی کوشش
Jul 23, 2024