گوجرہ +گوجر خان(نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگاران ) مبینہ پولیس مقابلہ میںزیر حراست 2 ملزم ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر پولیس گوجرہ زیر حراست ملزموں عالم شیر اور فیاض ساکن تحصیل دیپالپور کو برآمدگی کیلئے لے کر جا رہی تھی کہ سمندری روڈ چک نمبر 367ج ب جلیانوالہ قبرستان کے قریب دوموٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی اور زیرحراست ملزمان کو چھڑوانے کی کوشش کی، جس سے زیر حراست دونوں ملزم ہلاک ہو گئے۔ نعشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ دونوں ملزم ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت دیگر اضلاع میں ریکارڈ یافتہ اور مختلف مقدمات میںپولیس کو مطلوب تھے۔ دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر اے این ایف کے 3 اہلکاروں کو شہید کرنے والے2 ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا نوٹس، ڈی ایس پی صدر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس کے مطابق ملزم قاسم علی اور بلال حیدر کو اسلحہ برآمدگی کے لیے لے کر جایا جارہا تھا دینہ کے علاقہ متیال کے نزدیک زیر حراست ملزمان کو چھڑانے کے لیے ان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس کی حراست میں دونوں ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔