اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد علی وڑائچ نے 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت 26 جولائی تک ملتوی کر دی۔ پیر کو اڈیالہ جیل میں ریفرنس کی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمہ بشری بی بی کے وکیل نے پرویز خٹک اور زبیدہ جلال کے بیان پر جرح مکمل کر لی۔ پرویز خٹک نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے اصرار پر کابینہ نے بغیر پڑھے ایجنڈے کی منظوری دی۔ بانی پی ٹی آئی نے 190 ملین پاونڈز اسکینڈل سے متعلق بات اور بحث کرنے سے منع کیا تھا۔ پرویز خٹک نے آج کے بیان کو تحریری بیان کا حصہ بنانے کی درخواست بھی دائر کر دی۔ سماعت کے دوران نیب کے گواہ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب عمیر راتھر کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا جس کے بعد فاضل عدالت نے مزید سماعت 26 جولائی تک ملتوی کر دی۔ 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں مجموعی طور پر 34 گواہان کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ہیں۔