لاہور (نیٹ نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ہمیں پنجاب کی تاریخ کی نالائق ترین اور نکمی اپوزیشن ملی ہے ، خود ہی اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کراتے ہیں، خود ہی اسمبلی کے گیٹ پر تماشا لگاتے ہیں۔ اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا اسمبلی کے گیٹ پر تماشا ہی لگانا تھا تو اجلاس پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ کیوں خرچ کرایا؟ اپوزیشن کی ریکوزیشن کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنے والی یہ دنیا کی پہلی نالائق ترین اپوزیشن ہے۔ انہوں نے کہا 9 مئی کے جن دہشت گردوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے وہ اسمبلی کے گیٹ پر ہلڑ بازی اور دشنام طرازی کر رہے ہیں، اس فسادی ٹولے کا ایجنڈا ملک میں فساد پھیلانا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا 9 مئی کے سہولت کار اور منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا وقت آگیا ہے، یہ ٹولہ ملکی سیاست پر سیاہ ترین دھبہ بن چکا ہے، جب تک اس فسادی اور انتشاری ٹولے کو انجام تک نہیں پہنچایا جاتا پاکستان میں استحکام آئے گا اور نہ خوشحالی آئے گی۔
9 مئی ‘جن دہشتگردوں کو جیل ہونا چاہئے وہ اسمبلی گیٹ پر ہلڑ بازی کر رہے : عظمیٰ بخاری
Jul 23, 2024