سرینگر، جموں (کے پی آئی + نیٹ نیوز) بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع راجوری میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ فوج نے نوجوان کو ضلع کے علاقے گندھا میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا جبکہ ضلع راجوڑی میں حال ہی میں قائم کیے گئے بھارتی فوج کے نئے اڈے پر مسلح افراد نے اس وقت دھاوا بول دیا جب بھارتی آرمی چیف وہاں کا دورہ کر کے واپسی کے لیے نکلے ہی تھے۔ فوجی اڈے پر حملہ اتنا اچانک کیا گیا تھا کہ فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ افسران اور اہلکار خوف زدہ ہو کر بھاگ کھڑے ہوئے۔ فوجی کیمپ میں سائرن بجنے لگے اور ہر طرف افراتفری مچ گئی۔ بھارتی فوج کے ترجمان نے بتایا جب کہ حملہ آور جوابی فائرنگ کا مقابلہ نہ کر سکے اور فرار ہو گئے۔ 3 اہلکار زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں لوگوں نے قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ہندواڑہ قصبے کے زرگر محلہ اور اقبال کالونی کے مکینوں نے گزشتہ کئی دنوں سے اپنے علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی بحال کرنے میں انتظامیہ کی ناکامی پر شدید احتجاج کیا۔جبکہ ضلع جموں میں ایک بھارتی پولیس اہلکار اپنی سروس رائفل سے حادثاتی طور پر گولی چلنے سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس اہلکار کی شناخت راج کے نام سے ہوئی۔