غزہ (آئی این پی + نیٹ نیوز) اسرائیلی فورسز کے غزہ پرایک ہفتے سے جاری حملوں میں اب تک 91فلسطینی شہید اور 251زخمی ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فورسزنے فلسطینی پناہ گزین کیمپ نصیرات پر ایک ہفتے کے دوران 63بار حملے کیے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی بمباری سے متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ خواتین اور بچوں سمیت اب بھی درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور ریسکیو اہلکاروں کو ملبے تلے افراد تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔ سات اکتوبر 2023سے اب تک اسرائیل کے غزہ پرحملوں میں 38ہزار 983فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 89ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔دوسری جانب اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو امریکہ کے دورے پر روانہ ہو گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ کے دورے پر روانگی سے قبل اپنے بیان میں نیتن یاہو کا کہنا تھا امریکہ کا صدر جو بھی منتخب ہو، اسرائیل مشرق وسطی میں امریکہ کا سب سے مضبوط اتحادی رہے گا۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا اسرائیل کے دشمن جان لیں امریکہ اور اسرائیل آج کل اور ہمیشہ ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا اسرائیل کیلئے ہرممکن اقدام کرنے پر امریکی صدر جوبائیڈن کے شکر گزار ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا امریکہ میں یرغمالیوں کی رہائی، حماس کو شکست دینے اور ایران اور اس کے پراکسیز کا مقابلہ کرنے کے مسائل پر بات ہو گی۔