نئی دہلی،ابوظبی (این این آئی+نوائے وقت رپورٹ)انڈین ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے بنگلہ دیش کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ریاست پڑوسی ملک سے مصیبت میں گھرے لوگوں کے لیے اپنے دروازے کھول دے گی۔ انہوں نے ترنمول کانگریس کی ’یوم شہدا‘ ریلی میں کہا کہ ’مجھے بنگلہ دیش کے معاملات پر بات نہیں کرنی چاہیے کیونکہ وہ ایک خودمختار ملک ہے اور اس معاملے پر جو کچھ بھی کہنے کی ضرورت ہے وہ مرکز کا موضوع ہے۔ لیکن میں آپ کو یہ بتا سکتی ہوں کہ اگر بے بس لوگ بنگال کے دروازے پر دستک دیتے ہیں تو ہم انہیں ضرور پناہ دیں گے۔وزیر اعلیٰ نے اقوام متحدہ کی ایک قرارداد پر روشنی ڈالی جس میں پناہ گزینوں کو ان علاقوں میں جگہ دی جائے جو بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے آسام میں نسلی تنازعے کی مثال دی اور کہا کہ مغربی بنگال نے اس کے دوران پڑوسی ریاست کے لوگوں کو پناہ دی تھی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’سینکڑوں طلبہ اور دیگر افراد مصیبت زدہ بنگلہ دیش سے مغربی بنگال لوٹ رہے ہیں۔ میں نے اپنی ریاستی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ واپس آنے والوں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرے۔ مثال کے طور پر تقریباً 300 طلبہ اتوار ہلی بارڈر پر پہنچے اور ان میں سے زیادہ تر بحفاظت اپنی اپنی منزلوں کو روانہ ہو گئے۔ تاہم ان میں سے 35 کو مدد کی ضرورت تھی اور ہم نے انہیں بنیادی سہولیات فراہم کیں۔بنگلہ دیش کے ساتھ انڈیا کی چار ہزار 96 کلومیٹر لمبی سرحد میں س دو ہزار 216 کلومیٹر طویل سرحد مغربی بنگال کے ساتھ ملتی ہے۔ ریاست کے بنگلہ دیش کے ساتھ گہرے ثقافتی اور لسانی تعلقات ہیں اور اس نے 1971 کی جنگ کے دوران بنگلہ دیش سے لوگوں کی نقل مکانی کی تھی۔بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ چار دنوں کے دوران ایک ہزار 62 طلبہ مغربی بنگال میں داخل ہوئے۔ایک ہزار 62 طلبہ میں سے 901 انڈین ہیں اور باقی نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش کے طلبہ ہیں۔ بی ایس ایف ساؤتھ بنگال فرنٹیئر کے ترجمان اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل اے کے آریہ نے تصدیق کی کہ بی ایس ایف بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اس نے آئی سی پی اور ایل سی ایس میں خصوصی معاونت قائم کی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے غیر قانونی مظاہروں پر57 بنگلا دیشی شہریوں کو سزائیں سنا دیں۔عرب میڈیا کے مطابق امن عامہ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں بنگلا دیشی تارکین وطن کو سزائیں سنائی گئیں، سزائیں ابوظبی کی فیڈرل اپیل کورٹ کی جانب سے اتوار کے روز سنائی گئیں۔فیڈرل اپیل کورٹ نے غیر قانونی مظاہروں کی کال دینے اور دوسروں کو اکسانے پر3 بنگلا دیشیوں کو عمر قید کی سزا سنائی، مظاہروں میں شرکت کرنے پر 53 بنگلا دیشی شہریوں کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔عدالت نے کہا کہ ایک بنگلا دیشی کو ملک میں غیر قانونی داخلے اور مظاہروں میں شرکت پر11 سال قید کی سزا سنائی، تمام سزا پانے والے ملزمان کی سزائیں مکمل ہونے پر فوری طور پر ملک بدر کیا جائے گا۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سزا یافتگان نے بنگلا دیش حکومت کے خلاف جمعرات کو متحدہ عرب امارات میں مظاہرے کیے تھے۔
بنگلہ دیش میں احتجاج، ممتا بینرجی کی متاثرین کو انڈیا میں پناہ کی پیشکش
Jul 23, 2024