خلیل الرحمان قمر سے   15 روز بات ہوئی، تصاویر کا تبادلہ ہوا: آمنہ کا الزام 

Jul 23, 2024

لاہور (نامہ نگار) ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے اغواء، تشدد اور ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث 4 خواتین سمیت 9  گرفتار ملزموں سے تفتیش جاری ہے۔ ملزموں کا گروہ خواتین کی مدد سے مشہور اور مالدار شخصیات کو ہنی ٹریپ کر کے پیسے بٹورتے ہیں۔ ملزموں کو آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن نے گرفتار کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خلیل الرحمٰن قمر سے ڈکیتی و اغواء  کی منصوبہ بندی مرکزی ملزم حسن شاہ نے کی۔ گرفتاری کے لیے گزشتہ روز ننکانہ صاحب میں چھاپہ مارا، خلیل الرحمن قمر سے فون پر بات کرنے والی آمنہ عروج بھی شامل ہے۔ ملزم شہر میں متعدد افراد کو ہنی ٹریپ کر چکے ہیں، گروہ میں شامل افراد کو لاہور، ننکانہ صاحب اور دیگر شہروں سے گرفتار کیا گیا۔ آمنہ عروج کا خلیل الرحمان قمر سے کافی روز سے رابطہ تھا۔ لڑکی نے ظاہر کیا کہ وہ انگلینڈ سے آئی ہے اور وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہے۔ پولیس نے ڈرامہ نگارخلیل الرحمان قمرکو ہنی ٹریپ والی مرکزی ملزمہ آمنہ عروج کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے۔ ملزمہ نے بیان میں  الزام لگایا خلیل الرحمان قمر سے10 سے 15دن تک بات ہوئی، تصاویر کا تبادلہ ہوا، انہوں نے ملنے کاکہا تب میں نے گھر بلا لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ گوجرانوالہ کی رہائشی، ہائی پروفائل افرادکو جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورتی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ جلد اصل حقائق سامنے آجائیں گے۔

مزیدخبریں