لاہور؍ قصور (این این آئی+ نمائندہ نوائے وقت) پنجاب میں ترقی یافتہ ممالک کی طرح آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور جدید الیکٹرانک ٹریفک پولیسنگ شروع کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ ہوگا۔ پنجاب میں دھواں پھیلانے والی ہر گاڑی کی جدید کیمروں سے پڑتال کا آغاز بھی کردیا گیا۔ ٹریفک اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر الیکٹرانک چالان کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے قصور میں اینٹیں بنانے والے بھٹہ جات کا دورہ کیا۔ زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے بھٹوں کو مسمار کرا دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں زیگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کسی بھٹے کو چلنے نہیں دیں گے۔ ماحول کو آلودہ اور سموگ پھیلانے والے بھٹے بند ہونگے۔ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق سموگ کا سبب بننے والی ہر فیکٹری اور بھٹہ بند ھو گا۔ مریم اورنگزیب نے اپنی موجودگی میں نواحی گائوں حویلی پٹھانوالی میں کرین کی مدد سے بھٹے کو مسمار کروا دیا۔
ما حولیاتی آلودگی کے خلاف لاہور میں آرٹیفشل انٹیلی جنس سے ٹریفک چالان شروع
Jul 23, 2024