اسلام آباد (وقائع نگار + نمائندہ نوائے وقت) پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو پی ٹی آئی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق آگاہ کر دیا۔ عدالت نے احمد جنجوعہ کی بازیابی کی درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹا دی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی۔ وکیل درخواستگزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یونیفارم میں کچھ نقاب پوش بیس جولائی کو احمد جنجوعہ کو اٹھا کر لے گئے، اس پر عدالت نے دریافت کیا کہ کیا وہ پولیس حکام وردی میں تھے؟ وکیل نے بتایا کہ کچھ افسر وردی میں تھے اور کچھ نقاب پوش تھے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایڈووکیٹ جنرل کو بلایا ہے، ہم اٹارنی جنرل کو بھی بلائیں گے۔ پولیس حکام نے کہا کہ ایف آئی آر ہو چکی ہے، سب انسپکٹر نے ماتحت عدالت سے اجازت لی ہے۔ اس پر جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دئیے کہ لوگ لاپتا ہو جاتے ہیں، ریاست کو کچھ پتا نہیں ہوتا، یہ حکومت کیا کر رہی ہے؟ احمد جنجوعہ کو بازیاب کرانے میں کتنا وقت چاہیے؟۔ بلوچستان، خیبر پی کے میں یہ سب کچھ ہو رہا تھا اب اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے۔ یہ نا کہیے گا وقت دیں ریورٹ پیش کریں گے بلکہ بندہ پیش کریں۔ 12 بجے اٹارنی جنرل کو بلا لیں، ہمیں اٹارنی جنرل بتا دیں ہم کیا کریں؟ کیا آئی جی پولیس اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں؟ ہم کیوں نا انہیں شوکاز نوٹس جاری کریں؟ بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے 12 بجے تک رپورٹ طلب کر لی۔ ساتھ ہی ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ 12 بجے مکمل تفصیلات لے کر آئیں۔ پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ وقاص جنجوعہ کو سنگین نوعیت کے معاملات میں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کو ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی پیش کیا گیا اور جسمانی ریمانڈ منظور بھی ہوگیا ہے۔ اس پر وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ اگر وقاص پر مقدمہ تھا تو پھر عدالت کے سامنے غلط بیانی کی گئی، ہم عدالت سے درخواست کریں گے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج چلائے۔ عدالت نے کہا کہ آپ کی درخواست تو بازیابی سے متعلق تھی اب معاملہ دوسرے جانب جا رہا ہے، اس پر وکیل درخواستگزار نے بتایا کہ جنجوعہ کو ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش کیا گیا جو ہمیں پتا ہی نہیں تھا۔ عدالت نے ایمان مزاری سے دریافت کیا کہ آپ چاہتی ہیں کہ ہم مغوی کو یہاں پیش کرنے کا حکم دیں؟ اب مقدمہ درج ہوا ہے آپ اس مقدمے کو چیلنج کریں، آپ کی بازیابی سے متعلق درخواست اب غیر مؤثر ہو چکی ہے۔ بعدازاں عدالت نے سرکاری وکیل کو وقاص جنجوعہ سے وکیل اور فیملی کی ملاقات کی ہدایت دیتے ہوئے وقاص جنجوعہ کی بازیابی کی درخواست نمٹا دی۔ ادھر انسداد دہشتگردی عدالت نے گرفتار پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کا7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے کہا کہ ملزم کو 29 جولائی کو عدالت پیش کیا جائے۔