پی این ایس ذوالفقارصومالی قذاقوں سے رہائی پانے والےبائیس افرادکولے کر کراچی پورٹ پہنچ گیا

پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔ ایم وی سوئز کے پاکستانی عملے نے سرزمین پر پہنچتے ہی فوراً سجدہ شکرادا کیا۔ جہازکا استقبال کرنے کے لئے پاک بحریہ کی طرف سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ کراچی کی بندرگارہ پرآمد کے ساتھ ہی بحریہ کے جہازوں پر سائرن بجائے گئے جبکہ ڈاک یارڈ پر بحریہ کے بینڈ نے خصوصی دھنیں بجا کر ماحول کو گرما دیا۔ تقریباً دس ماہ تک صومالی قذاقوں کی قید میں رہنے والے افراد کو دیکھ کر فرط جذبات سے سب کی آنکھیں بھیگ گئیں، کپیٹن وصی اپنی بیٹی کو ملے تو منظر ہی کچھ اور تھا۔
اس موقع پرگورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان، انصاربرنی، نیوی کے اعلٰی حکام اوررہائی پانے والے افراد کے لواحقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد کا کہنا تھا کہ وہ مغویوں کی رہائی پربحریہ کے سربراہ ایڈمرل نعمان بشیر، پی این ایس ذوالفقارکی ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں
مغویوں کی رہائی میں اہم کردارادا کرنے والے سماجی کارکن انصار برنی کا کہنا تھا کہ سارے معاملے میں حکومت پاکستان، گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد، بحریہ کے سربراہ نعمان بشیر، آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شجاع پاشا اور پوری قوم کا کردارانتہائی اہم اور تاریخی رہا ہے۔
دوسری طرف رہائی پانے والے افراد کے ہمراہ ان کے لواحقین کی خوشی بھی قابل دید تھی۔ جبکہ رہائی پانے والے افراد کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستانی حکام اورانصار برنی ٹرسٹ کی عظیم اورانتھک کوششوں کے باعث انہیں صومالی قذاقوں سے رہائی ملی۔ وہ اب جلد ازجلد اپنے گھروں کو جانا چاہتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن