اسلام آباد میں جمعرات کے روز ہونے والے پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کا پہلا دورخوشگواراور مثبت رہا اور بات چیت میں دوطرفہ امن و امان کی صورت سے متعلق اتفاق رائے کیا گیا۔ پاکستان کی طرف سے سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر اور بھارت کی جانب سے نروپیما راؤ نے اپنے، اپنے وفقد کی قیادت کی جبکہ مذاکرات میں آئی ایس آئی کے چیف احمد شجاع پاشا بھی موجود تھے۔ مذاکرات کے پہلے روز دہشت گردی، سمجھوتہ ایکسپریس اورممبئی حملوں سمیت سکیورٹی کے تمام امور زیربحث آئے۔ بات چیت کے دوران بھارتی سیکرٹری خارجہ نے ممبئی حملوں کے ملزموں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ پاکستان آئی ہیں اوران مذاکرات سے پاک بھارت رشتے مضبوط ہوں گے، مذاکرات میں جمعے کے روزمسئلہ کشمیراوردوستانہ وفود کے تبادلوں پربات چیت ہوگی۔ دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ آئندہ ماہ ہونے والے وزرائے خارجہ مذاکرات کا ایجنڈا بھی طے کریں گے۔ مذاکرات کے بارے میں دفترخارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کھلے دل سے مذاکرات کر رہا ہے، امید ہے بھارت بھی ایسا ہی کرے گا۔