نیویارک (نمائندہ خصوصی) نیویارک میں بھارتی قونصل جنرل کے خلاف ان کی گھریلو ملازمہ نے جنسی زیادتی اور غلاموں جیسا سلوک کرنے کا مقدمہ دائر کر دیا ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 45 سالہ گھریلو ملازمہ سنتوش بھدواج نے بھارتی قونصل جنرل پر تھابو دیال اور ان کی بیوی اور بیٹی کے خلاف وفاقی عدالت میں درخواست دائر کی ہے ۔ ملازمہ کا کہنا ہے کہ بھارتی قونصل جنرل نے ان سے ہفتے کے سات دن 15 ، 15 گھنٹوں تک کام کروایا اس کے عوض اسے ایک ڈالر فی گھنٹہ سے بھی کم معاوضہ ادا کیا گیا اور یہ رقم بھی اسے دینے کے بجائے بھارت میں اس کے بینک اکاﺅنٹ میں جمع کروا دی تھی گھریلو ملازمہ کا موقف ہے کہ امریکی قانون کے مطابق کم از کم تنخواہ ساڑھے سات ڈالر ہے ۔ درخواست میں سنتوش کا کہنا ہے کہ جب اس نے اپنے شوہر کے آپریشن کے لئے پیسے مانگے تو قونصل جنرل نے پہلے اپنی ٹانگ کی مالش کروائی اور پھر پیسے دینے کا کہا ۔ درخواست میں سنتوش نے اس عمل کو جنسی زیادتی قرار دیا اور کہا کہ وہ اس صورت حال کی وجہ سے گھر سے فرار ہو گئی ۔ دوسری جانب بھارتی قونصل جنرل نے الزامات کی تردید کی ہے ۔