نوشہرہ (آن لائن) نوشہرہ کے علاقے پبی میں سی ڈی ڈراموں کے پروڈیوسر نے اداکارہ بشریٰ، ان کی والدہ اور بھائی پر تیزاب پھینک دیا۔ ٹی وی فنکارہ کا چہرہ، سر اور ہاتھ بری طرح جھلس گئے۔ حملہ آور پروڈیوسر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ بشریٰ کے والد نے پبی پولیس کو رپورٹ درج کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی بشریٰ ٹی وی ڈراموں میں کام کرتی ہے، پروڈیوسر شوکت ساکن مینگورہ نے ان کی بیٹی کا بھاری معاوضہ روکا ہو ا ہے ۔ گزشتہ رات شوکت ہمارے گھر کی دیوار پھلانگ کر اندر آیا اور ہم پر لوٹے سے تیزاب پھینک دیا جس کے باعث میری بیٹی بشریٰ بیوی شمیم اور بیٹا اختر اویس شد ید زخمی ہوگئے۔ جنہیں پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں داخل کر ادیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم شوکت کی گرفتاری کےلئے کوششیں جاری ہیں۔ آئی این پی کے مطابق اداکارہ بشریٰ نے ہسپتال میں صحافیوں کو مختصراً بتایا کہ پروڈیوسر شوکت کا اس سے لین دین کا تنازع ہے، وہ اسے شادی کیلئے مجبور کررہا تھا، انکار پر تیزاب پھینک دیا۔ بشریٰ اور اس کے گھر والوں کی طبیعت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
نوشہرہ: پشتو ادکارہ بشریٰ، ان کی والدہ، بھائی پر پروڈیوسر نے تیزاب پھینک دیا
Jun 23, 2013