لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ احمد حسان نے کہا ہے عوام کو ٹرانسپورٹ کی جدید اور سستی سہولیات کی فراہمی کے لئے رواں مالی سال میں راولپنڈی‘ فیصل آباد اور ملتان میں میٹرو بس منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ عوام کو بہتر پبلک ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کے لئے آئندہ مالی سال میں 3 ارب روپے کی رقم بطور سبسڈی مختص کی گئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں خواجہ احمد حسان نے کہا پنجاب حکومت کا بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہے جس میں شعبہ تعلیم کے لئے 210 ارب روپے اور شعبہ صحت کے لئے 82 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے آئندہ دو برسوں کے دوران پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں غیر موجود سہولتیں فراہم کرنے کے اعلان کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا بجٹ میں اس مقصد کے لئے مختص کردہ ساڑھے 7 ارب روپے سے صوبے کے تعلیمی معیار میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا جبکہ صوبے میں کم وسیلہ اور محروم معیشت طبقات کے بچوں کے لئے 6 نئے دانش سکولوں کی تعمیر سے دور دراز علاقوں کے ذہین طلبا کو کوالٹی ایجوکیشن میسر آئے گی۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے زمینداروں پر زرعی انکم ٹیکس کے قانون کو م¶ثر انداز میں نافذ کرنے کا فیصلہ اور 2 کنال اور اس سے بڑی کوٹھیوں پر لگژری ٹیکس کا نفاذ خوش آئند ہے۔ ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ بھی پنجاب حکومت کی عوامی ترجیحات کی نمائندگی کرتا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ آفس کے بجٹ میں 30 فیصد اور تمام صوبائی محکموں کے اخراجات میں 15 فیصد کی کمی، سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی اور صوبائی وزرا کے گھروں کے لئے فرنیچر گرانٹ اور صوابدیدی گرانٹ کے خاتمے کا فیصلہ بھی وہ انقلابی اقدامات ہیں جو صرف اور صرف میاں محمد شہباز شریف ہی کر سکتے تھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صوبے میں جنگی بنیادوں پر بجلی کی پیداوار کی منصوبہ بندی کی ہے اور توانائی کے شعبے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے 20 ارب 43 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔کسانوں کو شمسی توانائی اور بائیو گیس سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کی فراہمی کا فیصلہ صوبے میں زرعی انقلاب کی بنیاد فراہم کرے گا۔