لاہور (آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ماضی میں کبھی فوجی آپریشن سے دہشت گردی ختم نہیں ہوئی ہم آج بھی دہشت گردی کے خاتمے، امن کے قیام کیلئے دعاگو ہیں۔ ملک کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، کسی کو جمہوریت ڈی ریل کرنے کی سازش نہیں کرنی چاہئے۔ جمعیت علمائے اسلام (س) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عاصم مخدوم سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام ہر پاکستانی کی خواہش ہے، ہم بھی چاہتے ہیںکہ ملک سے ہمیشہ کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام ممکن ہو۔ تمام جماعتیں جمہوریت پر متفق ہیں، سب جمہوریت کا دفاع کریںکیونکہ جمہوریت کے سوا ملک میں کوئی اور نظام قابل قبول نہیں۔