لاہور(آئی این پی) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے ورلڈ بینک نے 700 ملین ڈالر کی منظوری دیدی ہے اور نومبر میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائیگا‘ منصوبے کی تکمیل سے 4 ہزار پانچ سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی‘رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے اوقات میں ہر صورت بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا ‘ وفاقی حکومت نے بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے کثیر المقاصد توانائی کے منصوبے شروع کئے ہیں جن کی تکمیل سے نہ صرف لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا بلکہ زراعت اور صنعتوں کو بھی ترقی ملے گی۔ اتوار کو اپنے انٹر ویو کے دوران عابد شیر علی نے کہا کہ داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے ورلڈ بینک نے 700 ملین ڈالر کی منظوری دی ہے جو کہ موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے اس منصوبے کی تکمیل سے چار ہزار پانچ سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ حکومت کی بہترین پالیسیوں کی بدولت صوبے میں بجلی کے بقایا جات کی وصولی میں کافی پیشرفت ہوئی ہے۔