شمالی وزیرستان آپریشن جاری، خیبر ایجنسی میں2 دہشت گرد ہلاک، لوئردیر، پولیس موبائل پر حملہ، ایک اہلکار شہید

پشاور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں)  شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں  کیخلاف پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب  جاری ہے۔ آپریشن  کو شروع ہوئے ایک ہفتہ مکمل ہو چکا ہے۔  رواں ہفتے زمینی کارروائی کا آغاز ہو گا۔آپریشن سے پہلے ہی ایجنسی  سے نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جو اب تک جاری ہے جبکہ شمالی وزیرستان میں آج صبح 6 بجے سے شام ساڑھے 4 بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی۔ خیبر ایجنسی کے علاقے گودر میں پولیو ٹیم پر حملے کی کوشش کرنے والے 2 دہشت گرد سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ہلاک ہو گئے جبکہ لوئر دیر میں پولیس موبائل وین پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایک اہلکار شہید ہو گیا۔ علاوہ ازیں شمالی وزیرستان میں جاری پاک فوج کے آپریشن  کے نتیجہ میں علاقہ چھوڑنے والے رجسٹرڈ متاثرین کی تعداد 394620 ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق اب تک 32 ہزار 185  متاثرہ خاندانوں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے، ان خاندانوں کے مرد حضرات کی تعداد 103077، خواتین 124434 جبکہ بچوں کی تعداد167109 ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اب تک رجسٹرڈ ہونے والے متاثرین کی مجموعی تعداد 394620 ہوگئی ہے اور ان میں وہ 16 خاندان شامل نہیں ہیں جنہوں نے بکا خیل میں بنائے گئے کیمپ میں رہنے کو ترجیح دی۔ ترجمان کے مطابق رجسٹرڈ شدہ تمام متاثرین کو نقد مالی امداد کے علاوہ دیگر تمام سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ  اتھارٹی  کے مطابق اب تک تین لاکھ 54 ہزار 612 افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ ان میں ایک لاکھ دس ہزار 491خواتین، ایک لاکھ 51 ہزار 331 بچے اور 92 ہزار 790مرد ہیں۔  بیشتر  خاندان بنوں اور دیگر  قریبی اضلاع  جا رہے ہیں اور کرائے  کے گھروں  یا پھر رشتے داروں کے ہاں قیام  کو ترجیح دے رہے ہیں۔ این این آئی کے مطابق شمالی وزیرستان میں آج سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران پاک فوج باقاعدہ طور پر زمینی آپریشن کا آغاز کریگی۔ نجی ٹی وی کے مطابق  سکیورٹی حکام  نے بتایا کہ نقل مکانی کا عمل مکمل ہوتے ہی زمینی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔ سرکاری کے ذرائع کے مطابق چار روز کے دوران 7 تحصیلوں میرانشاہ، میر علی، دتہ خیل، غلام خان، رزمک، دوسلی اور بویا میں کرفیو میں نرمی کے بعد اب تک 3لاکھ سے زائد قبائلی نقل مکانی کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سیدگئی کے مقام پر سکیورٹی فورسز کے دستے کے ہمراہ نادرا کی جانب سے نقل مکانی کرنے والوں کی رجسٹریشن کی گئی اور انہیں رجسٹریشن کارڈ جاری کیا گیا ساتھ ہی وفاق کی جانب سے 12ہزار اور صوبائی حکومت کی جانب سے 7ہزار روپے دئیے گئے متاثرین کی آمدورفت کی چیکنگ کیلئے سکیورٹی فورسز بھی جگہ جگہ تعینات رہے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے متاثرین کو بسکٹ کے پیکٹ، جوس، پانی کی ٹھنڈی بوتلیں اور کھجوروں کے پیکٹ بھی دئیے گئے۔ سیدگئی اور بنوں میں دوڑ سڑک کے مقام پر متاثرین کو پولیو ویکسین بھی پلائی جاتی رہی۔ متاثرین کیلئے ایف آر بکاخیل میں قائم کیمپ میں بجلی، پانی اور دیگر تمام سہولتیں موجود تھیں، کاسو پل کے قریب بھی کیمپ قائم کیا گیا بنوں کے علاقے میلاد پارک میں مختلف تنظیموں نے مشترکہ میڈیکل کیمپ قائم کیا جہاں زیادہ تر پیٹ کے امراض میں مبتلا اور گرمی کی شدت سے متاثرہ مریض آئے۔ متاثرین شمالی وزیرستان نے بنوں ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، پنڈی، کوہاٹ اور کرک جانے کے بعد وہاں سے ملک کے دیگر شہروں کا رخ کرنا شروع کر دیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت کی چنڈا چیک پوسٹ پر متاثرین کی رجسٹریشن چیک کرنے کے بعد انہیں آگے جانے کی اجازت دی گئی۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے شمالی و جنوبی وزیرستان ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے  متاثرین شمالی وزیرستان ایجنسی سے متعلق امدادی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے ان ارکان نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے مقامی عمائدین کی رابطہ کار کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ علاوہ ازیں شمالی وزیرستان میں آج صبح 6 سے شام ساڑھے چار بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی۔ پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق میران شاہ بازار، میر علی بازار اور تحصیل میر علی کے علاقوں کو خالی کر دیا جائے شام 6 بجے کے بعد ان علاقوں میں کارروائی کی جا سکتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی میں پولیو ٹیم پر حملے کی کوشش کرنے والے دو دہشت گرد ہلاک کر دیئے جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔ دہشت گردوں کو خیبر ایجنسی کے علاقے گودا میں مارا گیا۔ ادھر لوئر دیر میں پولیس موبائل  پردستی بم حملے میں ایک اہلکارشہید ہو گیا۔ دوسری طرف  پشاور پولیس  نے حیات آباد میں سرچ آپریشن کے دوران  متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ لوئر دیر میں  دہشت گردوں  نے کھنڈرو  چوک پر پولیس موبائل کو نشانہ بنایا دستی بم حملے میں کانسٹیبل  اسلام گل شہید ہو گئے۔  واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کا گھیرائو کر لیا۔ علاوہ ازیں پشاور کے علاقے بڈھ بیر کے حدود فقیر آباد ماشو کگر میں سڑ ک کے کنارے بارودی مواد کے دھماکے میں دو بھائیوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر مہمند ایجنسی کی تحصیل مافی میں سکیورٹی فورسز نے ایک بارودی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا۔

ای پیپر دی نیشن