مقبوضہ کشمیر: ترال، پلوامہ میں دوسرے روز بھی ہڑتال، شبیر شاہ ساتھیوں سمیت گرفتار

Jun 23, 2014

سرینگر (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے شہر ترال اور پلوامہ کے کچھ علاقوں میں شہید کیے گئے مجاہدین کی یاد میں دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال سے عام زندگی مفلوج رہی۔ جس دوران دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک غائب رہا۔ خانہ نظربندی کے پولیس پہرے سے باہر آنے کے بعد حریت رہنما شبیر احمد شاہ‘ یاسین عطائی کو پانتھ چوک کے قریب کئی ساتھیوں سمیت اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ ترال کی طرف جا رہے تھے۔ ترجمان نے کہا کہ ترال میں جاں بحق ہوئے عادل احمد میر‘ عادل احمد شاہ اور طارق احمد پرے کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے حریت کانفرنس جموں کشمیر کے رہنما شبیر احمد شاہ کی قیادت میں مزاحمتی لیڈران پر مشتمل ایک وفد ترال جا رہا تھا۔ مقبوضہ کشمیر پتھرائو میں ملوث نوجوانوں کو عام معافی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر پولیس کے سربراہ کے راجندرا کمار نے مقبوضہ وادی میںسیکورٹی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پتھرائو کے واقعات میں ملوث نوجوانوں کو عام معافی دینے پر پولیس کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ القاعدہ کی حالیہ دھمکی کے پیش نظر ریاستی پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔

مزیدخبریں