اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے وہ اپنے کارکنوں سے اپیل کرتے ہیں وہ آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے فوری متحرک ہو جائیں کیونکہ میں نے آئی ڈی پیز کو اپنے علاقوں سے پیدل آتے دیکھا ہے۔ ڈیڑھ لاکھ آئی ڈی پیز آچکے ہیں، ساڑھے تین لاکھ مزید متوقع ہیں۔ وفاقی حکومت نے آپریشن سے قبل وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو اعتماد میں نہیں لیا۔ صوبے کے وزیراعلیٰ اور مجھے شمالی وزیرستان میںآپریشن شروع ہونے کی خبر ٹی وی سے پتہ چلی۔ وفاق صوبہ خیبر پی کے کی حکومت کو فوری طور پر 6 ارب روپے فراہم کرے تاکہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کر کے آنیوالے آئی ڈی پیز کی مناسب دیکھ بھال ہوسکے۔ چھ لاکھ آئی ڈی پیز آئیں گے، وفاقی حکومت نے ابھی تک آئی ڈی پیز کیلئے50 کروڑ روپے صوبائی حکومت کو دیئے ہیں جو بہت کم ہیں۔ کوئی آئی ڈی پی گھرانہ سات ہزار روپے ماہانہ میں گذارہ نہیں کر سکتا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ دار ہیں انہیں مستعفی ہوجانا چاہئے، رانا ثنااللہ کو جیل میں ڈالا جائے۔ پنجاب پولیس میں بڑے بڑے گلو بٹ بھرتی کئے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی اس وقت پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت خوف کی وجہ سے انکے کارکنوں کو گرفتار کر رہی ہے جس کی میں پرزور مذمت کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نواز شریف کو ائرپورٹ سے ایک ڈکٹیٹر نے واپس آنے پر روکا، اب عوامی تحریک کے سربراہ آرہے ہیں تووزیراعظم کو انکی واپسی میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بنوں کے دورے کے بعد بنی گالہ میں اپنی رہائشگاہ پہنچنے پرکور کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا سندھ اور پنجاب آئی ڈی پیز کو داخلے سے نہ روکیں اس سے پنجاب اور پختونوں میں دراڑ آ رہی ہے۔ بی بی سی کے مطابق عمران خان نے کہا شہریوں کی محفوظ نقل مکانی تک آپریشن روکا جائے۔ آئی این پی، آن لائن، ثنا نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا عوام کی بڑی تعداد بمباری سے وزیرستان میں پھنسی ہوئی ہے آپریشن عارضی طور پر روکا جائے۔ حکومت ہر سال کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں 75 ارب وصول کرتی ہے۔ مصائب میں گھرے وزیرستانیوں میں بہت غم وغصہ ہے۔ دہشت گردی کی نئی لہر آنے کا خدشہ ہے، آپریشن متاثرین کیلئے سندھ اور پنجاب کا اپنے صوبوں کی حدود بند کرنا شرمناک ہے۔ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ وزیراعظم غیرملکی دورے بند کریں۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربرراہ عمران خان نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں لوگ ابھی پھنسے ہوئے ہیں۔ آپریشن کو کچھ وقت کیلئے روکا جائے۔ بنوں کی آبادی دس لاکھ سے زائد ہے۔ پانچ سے چھ لاکھ آئی ڈی پیز کی وجہ سے شہر پر بوجھ بڑھے گا، حکومت کو کوالیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں 175 ارب روپے ملے ہیں۔ عوامی تحریک کے ساتھ کوئی الائنس نہیں، عوامی تحریک اور ق لیگ نے اپنا ایک ایجنڈا دیا، ہمارا ایجنڈا دھاندلی کے خلاف ہے، دھاندلی کے خلاف ایک سال سے آواز اٹھا رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے۔
عمران