لندن (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریاں اور انکے دفاتر پر چھاپے حکومتی بربریت ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ اپنے رہنما کا استقبال، جلسے جلوس ہر جماعت کا آئینی، قانونی ا ور جمہوری حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی جماعت کو اس حق سے محروم کرنا اور طاقت کے ذریعے اسکی آواز کو دبانا غیر جمہوری اور آمرانہ اقدام ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ یہ ظلم فی الفور بند کیا جائے۔ دریں اثناء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، محسوس ہورہا ہے کہ ملک میں کوئی حکومت نہیں۔ پی اے ٹی کارکنوں کو گرفتار کرنا جمہوری رویہ نہیں حکومت کو کیا خوف ہے کہ پنجاب کو پولیس سٹیٹ بنا دیا گیا، حکومت کا رویہ تشویشناک ہے۔ جلسے، جلوس، استقبال اور اختلاف رائے جمہوریت کا حق ہے اور پنڈی اور لاہور کو سیل کرنا غیر جمہوری ہے۔ علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما عمر ریاض عباسی اور دیگر رہنمائوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔