پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) اتمان زئی امن جرگے کی اپیل پر حافظ گل بہادر گروپ نے آپریشن کی مزاحمت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ اتمان زئی امن جرگہ اور گل بہادر گروپ کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔ فریقین نے کسی ناخوشگوار صورتحال میں مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق کیا۔ حافظ گل بہادر گروپ کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کے بعد بھی 10 دن تک مزاحمت نہیں کی جائے گی۔ اتمان زئی امن جرگہ کا کہنا ہے کہ حکومت سے مصالحت کا رویہ اختیار کیا جائے گا۔
لاہور (خبر نگار) صوبائی وزیرقانون رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پرویزالٰہی چوردروازے سے اقتدار میں آنے کے لئے بیتاب ہیں۔ مفادپرست سیاستدان ایک مرتبہ پھر چور راستے استعمال کر کے‘ اپنے خواب پورے کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے عوام لاشوں پر سیاست کرنے والوں کو بری طرح ناکام بنا دیں گے۔ صوبائی وزیر قانون نے پرویز الٰہی اور عمران خان کی الگ الگ پریس کانفرنس پر تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ پرویزالٰہی قابل رحم سیاستدان ہیں جو انتخابات میں عوام کے ہاتھوں بری طرح رسوا ہو کر دوسروں کے ترجمان بننے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ رانا مشہود نے کہا کہ عوام کو شرپسندوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ صوبہ میں امن و امان کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیرنے عمران خان کی پریس کانفرنس کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم اس وقت پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الزامات اور تنقید عمران خان کی سیاست کا محور ہے۔ دوسروں کو نصیحت کرنے کی بجائے وہ فوراً عملی اقدامات اٹھائیں۔ خیبر پی کے میں تبدیلی کا نعرہ لگانے والے عوام کو جواب دیں کہ ان کی بہتری کے لئے تحریک انصاف کی حکومت نے اب تک کیا کیا ہے۔صوبائی وزیر قانون رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاری اور پکڑدھکڑ کے حوالے سے الزام قطعی بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا عوامی تحریک کے کسی بھی کارکن کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی کوئی پکڑدھکڑ کی گئی۔ رانا مشہود نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے کہا کہ حکومت بالکل بوکھلاہٹ کا شکار نہیں ملک میں خوشحالی کے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ شریف فیملی کی طرف سے طاہرالقادری کو ماہانہ اخراجات ملنے کے باقاعدہ ثبوت موجود ہیں۔ شریف فیملی نے طاہرالقادری کے حج اخراجات بھی اٹھائے۔
رانا مشہود