شیخوپورہ + وہاڑی (نامہ نگار خصوصی + نامہ نگار) شیخوپورہ، وہاڑی اور گردونواح کے علاقوں میں پٹرول کا بحران تاحال جاری ہے۔ اکثر پمپوں پر پٹرول کی قلت کے باعث عوام کو محدود پیمانے پر تیل فراہم کیا جا رہا ہے پمپ مافیا کی ملی بھگت سے پٹرول کی بلیک میں بھی فروخت جاری ہے۔ عوام کو دونوں ہاتھوںسے لوٹا جانے لگا۔ تفصیل کے مطابق شیخوپورہ شہر اور گردونواح میں اکثر پٹرول پمپوں پر پٹرول کی قلت میں اضافہ ہوگیا ہے اکثر پٹرول پمپوں پر تیل کی سیل بند ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں جبکہ شیخوپورہ میں مختلف آئل کمپنیوں کے آٹھ ڈپوں بھی موجود ہیں مگر شیخوپورہ کے پمپوں کو سپلائی نہیں دی جارہی شہریوں نے ڈی سی او شیخوپورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ماچھیکے آئل ڈپوئوں سے رابطہ کرکے شیخوپورہ کے پٹرول پمپوں پر تیل کی سپلائی بہتر کی جائے یہ بھی پتہ چل رہا ہے کہ جہاں پٹرول مل رہا ہے وہاں موٹر سائیکل کو سو اور کار کو پانچ سو کا تیل مہیا کیا جارہا ہے جبکہ بعض پٹرو ل پمپوں پر ایرانی ڈیزل اور پٹرول فروخت کرنے کا بھی انکشا ف ہوا ہے بعض پٹرول پمپوں کے مالکان سستا ایرانی تیل استعمال کرکے ناجائز منافع خوری کررہے ہیں۔ وہاڑی شہر اور گر دو نواح میں پٹرول پمپس اور غیر قانونی آئل ایجنسیوں نے پٹرول بحران کی آڑ میں عوام کو لوٹنا شروع کر رکھا ہے غیر قانونی آئل ایجنسیوں پر ناقص پٹرول کی وجہ سے گاڑیوں کے انجن ناکارہ ہونے لگے ہیں گاڑی مالکان مجبوراََ ناقص آئل خرید کر اپنے ہاتھوں اپنی گاڑیوں او ر پیسے کانقصان کر رہے ہیںپٹرول پمپس پر بھی مالکان نے از خود ریٹ بڑھا لیے ہیں اور بعض پمپس پر 80سے90 روپے فی لٹر پٹرول فروخت کرنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ ذرائع ابلاغ میں یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی خبریں آتے ہیں پٹرول مافیا نے پٹرول ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے جس کی وجہ سے مصنوعی بحران پیدا ہو گیا ہے۔
شیخوپورہ اور وہاڑی میں پٹرول کی قلت برقرار پمپ مالکان بلیک میں فروخت کرنے لگے
Jun 23, 2015