لاہور(چودھری اشرف) پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا کہ میں اپنے نئے ایکشن کے ساتھ باؤلنگ کر رہا ہوں۔ پتہ نہیں کیوں میرے باؤلنگ ایکشن کو رپورٹ کیا گیا ہے۔ 14 روز کے اندر اپنے باولنگ ایکشن کا معائنہ کرانا ہے آئی سی سی جہاں بھی مجھے بھیجے گا مجھے اﷲ تعالیٰ سے پوری امید ہے کہ ایسا کچھ نہیں آئے گا۔ میں نے اپنے نئے ایکشن میں نہ تو کوئی دوسرا اور نہ ہی تیسرا کرایا۔ آئی سی سی کی جانب سے مجھے باؤلنگ سے روکا نہیں گیا۔ ٹیم مینجمنٹ نے اگر مجھے کولمبو ٹیسٹ میں موقع دیا تو اس میں بھی باؤلنگ کرونگا تاہم اس کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کے شعبہ میں قومی ٹیم کی خدمت انجام دے رہا ہوں۔ ایم حفیظ نے کہا کہ ماضی میں بھی میرے باؤلنگ ایکشن میں اتنا زیادہ فرق نہیں تھا تاہم نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز کے ساتھ مل کر بھرپور محنت کر کے اپنے ایکشن میں تبدیلی کی تھی اب اسی ایکشن کے ساتھ باؤلنگ کرا رہا ہوں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نومبر 2014ء میں ایم حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیکر انہیں انٹرنیشنل کرکٹ سے باورلنگ کرنے سے روک دیا گیا تھا تاہم اپنی باؤلنگ ایکشن درست کرنے کے بعد انہوں نے بھارت کے شہر چنائی میں آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو مکینکس لیب میں ٹیسٹ دیا تھا جس پر اپریل 2015ء میں ان کے نئے باؤلنگ ایکشن کو درست قرار دیا گیا تھا۔ سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ایک مرتبہ پھر امپائرز کی جانب سے ان کا ایکشن رپورٹ کیا گیا ہے جس کا 14 روز میں ٹیسٹ کرایا جانا ضروری ہے تاہم آئی سی سی نے ٹیسٹ تک حفیظ کو باؤلنگ جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔
دوسرا کرایا نہ تیسرا ، پتہ نہیں بائولنگ ایکشن کیوں رپورٹ کیا گیا: محمد حفیظ
Jun 23, 2015