لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن ناردرن زون کے چیئر مین ڈاکٹر محمد مصطفی کمال نے کہا ہے کہ حکومت نے پولٹری فیڈ پر 5فیصدسیلز ٹیکس ختم کیا ہے ۔ لیکن سویا بین جو کہ پولٹری فیڈ کا اہم جزو ہے اس پر امپورٹ ڈیوٹی 10فیصداور سویا بین پر سیلز ٹیکس بھی 10فیصدبدستور عائد ہے اس کو ابھی تک واپس نہیں لیا گیا ہے ہماری پر زور اپیل ہے کہ جو امپورٹ ڈیوٹی سویا بین میل پر لگائی گئی ہے اس کو فوری واپس لیا جائے ۔ڈاکٹر محمد مصطفی کمال چئیرمین پی پی اے نے سستے رمضان بازار وں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے خادم اعلٰی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے کہنے پر پنجاب بھر کے 331 رمضان بازاروں میں مرغی کا گوشت 15 روپے فی کلو بازار سے بارعایت اور انڈے 5 روپے فی درجن بارعایت فراہم کرنے کا اعلان کیا تاکہ مرغی کاگوشت اور انڈے عام آدمی کو کم نرخوں پر فراہم کیے جا سکیں۔رمضان بازاروں میں ان کم نرخوں پر مرغی کا گوشت اور انڈے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے لایئو سٹاک اور پی پی اے کی جانب سے ٹیم بھی تشکیل دی گئی جو روزانہ وہاں جا کرریٹس کو چیک کرتی ہے۔اس کے لیے لاکھوں روپے کی امداد ی رقم پی پی اے کی طرف سے پولٹری سیلز سنٹر کو فراہم کی جا رہی ہے۔