اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے فاروق ستار کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کر کے کراچی کی صورتحال پر اپنا موقف پیش کیا، وزیر داخلہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ رشید گوڈیل پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے معاملے میں ذاتی دلچسپی لوں گا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور رشید گوڈیل شامل تھے۔ ملاقات کے موقع پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔ ملاقات میں کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں ایم کیو ایم نے کراچی کی صورتحال پر اپنا موقف پیش کیا۔ رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ مجھ پر فائرنگ کرنے والے ملزم ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے جو کہ سندھ پولیس کی ناکامی ہے اور نہ ہی سندھ حکومت نے اس حوالے سے کوئی جواب دیا ہے، آپ اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لیں، جس پر وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کر کے آپ کو آگاہ کروں گا، آپ پر فائرنگ کرنے والے ملزمان انشاء اللہ قانون کی گرفت میں آئیں گے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ وزیر داخلہ سے ملاقات انتہائی مثبت رہی۔ ایم کیو ایم نے کراچی کی صورتحال سے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا ہے۔