نئی دہلی (آئی این پی) بھارت کے خلائی تحقیقاتی ادارے انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن نے پہلی مرتبہ 20 سیٹیلائٹ ایک ساتھ خلا میں روانہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل وی سی-34 خلائی گاڑی مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے آندھرا پردیش کے سری ہریکوٹا سے لانچ کی گئی جب کہ آئی ایس آر او کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ خلا میں بھیجے گئے مصنوعی سیاروں میں بھارت کے 3 اور 17 غیرملکی سیٹیلائٹس ہیں۔ سب سے زیادہ 13 سیٹیلائٹ امریکہ کے ہیں جب کہ کینیڈا، انڈونیشیا اور جرمنی کے سیٹیلائٹ بھی اس مشن میں شامل ہیں۔یہ پہلا موقع ہے جب بھارت نے ایک ساتھ 20 مصنوعی سیاروں کو خلا میں بھیجا ہے، آئی ایس آر او نے اپریل 2008 میں کسی ایک مشن میں سب سے زیادہ 10 سیٹلائٹ روانہ کر کے ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا جس کے بعد ناسا نے 2013 میں 29 سیٹیلائٹ اور روس نے 2014 میں ایک مشن میں 33 سیٹیلائٹ روانہ کئے تھے۔
بھارت/ سیٹیلائٹ