”حکومت جمعتہ الوداع یوم القدس سرکاری سطح پر منانے اور تعطیل کا اعلان کرے“

کراچی (نیوز رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام جمعة الوداع عالمی یوم القدس کے حوالے سے کیتھولک گارڈن سولجر بازار میں ’آل پارٹیز کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا جس سے تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی، مولانا مرزا یوسف حسین، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، آئی ایس او پاکستان کی مرکزی نظارت کے رکن مولانا ڈاکٹر عقیل موسی، ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی، جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر علامہ سید عقیل انجم، متحدہ علماءمحاذ کے صدر امین انصاری، آل پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین مطلوب اعوان قادری، فلسطین فاو¿نڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صابر ابو مریم و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی کے رہنما عادل صدیقی، جماعت اسلامی سندھ کے رہنما مجاہد چنا، جے یو پی کے رہنما شکیل قاسمی، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، تقی ظفر و دیگر بھی موجود تھے۔ اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ تحریک انصاف ہمیشہ سے فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف اور انکی جدوجہد کی حمایت میں رہی ہے ، امت مسلمہ کو فلسطین کی آزادی کے لیے ملکر آواز اٹھانا ہوگی ، یوم القدس فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن ہے ، جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور عوام کو بھرپور انداز میں شرکت کرنی چاہیئے۔ مولانا مرزا یوسف حسین نے کہا کہ اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے قلب (قبلہ اول) میں خنجر کی مانند ہے، جمعتہ یوم القدس کے روز سب ملکر فلسطینیوں کے حق میں ملک گیر احتجاج کرینگے، کراچی سمیت ملک بھر میں یوم القدس کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں،حکومت جمعتہ الوداع یوم القدس کے دن کو سرکاری سطح پر منائے اور عام تعطیل کا اعلان کرے، اسداللہ بھٹو نے کہا کہ یوم القدس پر امت مسلہ کو مظلوم فلسطینیوں کیلئے آواز اٹھانی چاہیے ،علی حسین نقوی نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس پر اسرائیلی یلغار کے پیچھے امریکہ، برطانیہ اور اس کے اتحادی ممالک کی سازشیں کار فرما ہیں، مولانا ڈاکٹر عقیل موسی نے کہا کہ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم القدس بھر پور طریقے منایا جائیگا، مرکزی القدس ریلی نمائش تا تبت سینٹر نکالی جائے گی۔
مولانا مرزا یوسف حسین

ای پیپر دی نیشن