کراچی(آئی این پی )پاکستان میں امن و امان بہتری اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کے باعث براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 37کروڑ 38لاکھ ڈالر اضافہ کیساتھ 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ،مئی میں بیرونی سرمایہ کاری31کروڑ10 لاکھ ڈالر رہی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ(جولائی 2006سے مئی 2017) کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں1ارب 38کروڑ 99لاکھ ڈالر زائد رہی، گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 1ارب 25کروڑ 40لاکھ ڈالر تھی جبکہ رواں مالی سال کے 11 ماہ کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 2ارب 64کروڑ 39لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ غیرملکی نجی سرمایہ کاری 27فیصد اضافے سے 1ارب 27کروڑ 33لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 1ارب 61کروڑ 67لاکھ ڈالر رہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کے دوران 37کروڑ 38لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 1 ارب 65کروڑ 42لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 2ارب 2کروڑ 80لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ پورٹ فولیو سرمایہ کاری منفی 41کروڑ 13لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 38کروڑ ڈالر کمی ہوئی تھی۔
براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 37کروڑ 38لاکھ ڈالر اضافہ، 2 ارب ڈالر سے تجاوزکرگئی
Jun 23, 2017