لیلة القدر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی‘ خصوصی دعائیں، آج جمعة الوداع ہے

Jun 23, 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں رمضان المبارک کی 27ویں شب روایتی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ مساجد میں نمازیوں کی تعداد معمول سے زیادہ رہی‘ فرزندان اسلام رات بھر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز، نوافل اور قرآن پاک کی تلاوت و دیگر عبادات میں مصروف رہے اور رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی ملکی سلامتی و استحکام کی دعائیں مانگتے رہے۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے، لوگ رو رو کر اپنے رب کو مناتے رہے۔ 27 ویں شب لیلة القدر کے بابرکت موقع پر ملک گیر سطح پر اللہ کے حضور گناہوں کی اجتماعی توبہ کی گئی۔ لیلة القدر کے اجتماعات میں دہشتگردی کے خاتمے کےلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ علاوہ ازیں آج جمعة الوداع عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس حوالے سے مساجد میں اجتماعات ہونگے جس میں ملک و قوم سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی اور ناجائز ریاست اسرائیل کے قیام کیخلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے آج القدس ریلیاں ملک بھر میں نکالی جائیں گی جس میں سیاسی مذہبی جماعتوں کے کارکن شریک ہو کر فلسطینی مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

لیلة القدر

مزیدخبریں