رواںہفتے آٹا،آلو،پیاز سمیت20 اشیا مزیدمہنگی ہوئیں:ادارہ شماریات

Jun 23, 2018

لاہور + اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ اے پی پی)کھانے پینے کی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کی رفتار تیز ہو گئی اور ایک ہفتے کے دوران آٹے، آلو، پیاز، دالوں سمیت 20 اشیا مزید مہنگی ہو گئیں۔ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مارکیٹ میں چکن، آلو، پیاز، لہسن، چینی، دودھ اور دہی کی قیمت میں 8 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔ دال مسور، دال چنا، دال مونگ، دال ماش، مٹن،بیف، گندم اور انڈے بھی مہنگے ہو گئے۔ کپڑے کی قیمت میں بھی 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،گزشتہ دو تین ہفتوں کے دوران ہونے والی مہنگائی کے باعث مارکیٹ میں کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی 53 بنیادی اشیا میں سے 36 اشیا گزشتہ سال کے مقابلے میں 52 فیصد تک مہنگی فروخت ہو رہی ہیں۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مجموعی طور پر ہفت روزہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی اوسط شرح 4.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری طرف ملک میں کمبائنڈ گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس عشاریہ (ایس پی آئی) پر مبنی افراط زر کی شرح میں 1.03 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق 21 جون کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران کمبائنڈ گروپ کیلئے ایس پی آئی 230.09 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو اس سے پچھلے ہفتے 227.74 پوائنٹس تھا۔ گزشتہ سال کہ اسی ہفتے کے مقابلے میں کمبائنڈ گروپ کیلئے ایس پی آئی میں 4.36فیصد اضافہ ہواہے۔ ہفتہ وار افراط زر کا تعین 17 شہری مراکز میں 53 اشیاء ضروریہ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں