ملتان(نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس ملتان وہاڑی کے بعد اب ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس بہاولنگر میں بھی کروڑوں کے فراڈ کا سکینڈل سامنے آگیا ہے ۔ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور اہلکاروں نے باہمی ملی بھگت سے جعلی ایڈجسمنٹ ،بوگس بقایا جات اور ایڈجسمنٹس کے آڑ میں 19کروڑ روپے کا غبن کرلیا۔نیب ملتان نے کروڑوں روپے کے فراڈ اور کرپشن میں ملوث ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر بہاولنگر سمیت 10آفیسران اور اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔جنہیں ریمانڈ کیلئے آج احتساب عدالت ملتان میں پیش کیا جائے گا۔نیب ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس بہاولنگر میں ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسراقبال انجم،حسن محمود،غلام یٰسین،اسسٹنٹ اکائونٹس آفیسر اظہر اقبال ،عبدالستار فاروقی ،آڈیٹرز جاوید اختر،مقصود احمد،محمد مختیار ،فیاض احمد ساجد نے محکمہ ایجوکیشن کے اساتذہ اور ملازمین کے نام جعلی الائونسز ایئریرز (بقایا جات)اور ایڈجسٹمنٹس کے ذریعہ 19کروڑنکلوا کر خوربرد کرلیے۔ملزمان نے دوران انوسٹی گیشن کروڑوں روپے کے غبن کا اقرار کرلیا۔19کروڑکے غبن میں کی بنچ آپریٹر نصراللہ اور حمد یٰسین نے مذکورہ ملزمان کے ساتھ مل کر اہم کرداراداکیا۔ملزمان کو ریمانڈ کیلئے آج احتساب عدالت ملتان میں پیش کیا جائے گا۔