ریاض (اے ایف پی + اے پی پی) ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد سعودی خواتین کل25 جون سے گاڑیاں چلانے کیلئے آزاد ہوںگی۔ سعودی عرب دنیا کا واحد ملک چلا آ رہا ہے جہاں کئی عشروں سے خواتین کے گاڑی چلانے پر پابندی تھی۔ ایک طویل انتظار کے بعد پابندی کے خاتمے کی نوید سے سعودی عرب معاشرتی حرکت پذیری کے ایک نئے عہد میںداخل ہو رہاہے۔ ریلیف ملنے پر سعودی خواتین انتہائی خوش ہیں اور ان میں احساس پایا جاتاہے کہ عرصہ دراز سے ان کے سلب شدہ حقوق بحال ہو رہے ہیں۔ سعودی عرب کے شہر الدمام ڈرائیونگ سکول سے اب تک 67 خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ اس سکول میں ڈرائیونگ کی تربیت کے لیے مزید 13 ہزار خواتین نے اپنے ناموں کا اندراج کرایا ہے۔ سعودی اخبار کے مطابق الدمام میں واقع امام عبدالرحمان بن فیصل یونیورسٹی کے ڈرائیونگ سکول سے سعودی خواتین کو 6 مراحل میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں۔