عادلانہ نظام کے نفاذ کیلئے ایم ایم اے کا منشور مثالی ہے: ساجد میر

Jun 23, 2018

لاہور(خصوصی نامہ نگار ) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ عادلانہ نظام کے نفاذ کے لیے ایم ایم اے کا منشور مثالی حیثیت رکھتا ہے۔ انتخابات میں دینی قوتوں کے پاس ووٹ کی طاقت کے اظہار کا بہترین موقع ہے ۔مغربی آقائوں کو خوش کرکے اقتدار حاصل کرنے کا خواب دیکھنے والوں کو عوام مسترد کردیں گے ۔ہمارا ایک ہی آقاہے اور وہ ہمارے آخری نبی محمد مصطفی ﷺ ہیں۔ محمد عربی ﷺ کا دین سربلند ہو کر رہے گا۔ افسوس جو بھی حکومت آئی انہوں نے نظریہ پاکستان اور قیام پاکستان کے مقصد کو فراموش کیا۔ ملک میں تبدیلی ووٹ کے ذریعے ہی آنی چاہیے ،انتخابات کو شفاف بنانا نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔الیکشن کے بروقت انعقاد کو یقینی بنانا انکی اولین ذمہ داری ہے اور الیکشن کے التوا کی خبروں پر ہمیں تشویش ہے۔ ظاہری طور پر ایسی کو ئی افتاد نظر نہیں آرہی کہ الیکشن میں تاخیر ہو۔ہم مسلم لیگ ن کے بھی حلیف ہیں اور ایم ایم اے کے بھی اتحادی ہیں۔انتخابی حکمت عملی کیا ہو گی اس کا اعلان بہت جلد کریں گے۔

مزیدخبریں