راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے رہنما اور سابق ناظم راول ٹاؤن شیخ راشد شفیق نے کہا ہے کہ میئر سردار نسیم انتخابی مقاصد کیلئے یوسی چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کا اجلاس بلا کر کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ میں بھی شہر کا ناظم (میئر ) رہا ہوں اور شہر کے سارے ناظمین اور نائب ناظمین میرے ساتھ تھے۔ لیکن میں الیکشن ہار گیا تھا۔ اسلئے بلدیاتی چیئرمینوں کا تاثر دینے والے دونوں مسلم لیگی امیدوار این اے 62 اور این اے 60 سے الیکشن ہار جائیں گے۔ شیخ رشید احمد کی کامیابی کے خوف سے اکٹھے ہونے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ راولپنڈی پڑھے لکھے اور غیور شہریوں کا شہر ہے۔ عوام قبضہ مافیا، منشیات فروشوں اور لینڈ مافیا کے خلاف متحد ہوچکے ہیں۔ وہ ورکشاپی محلہ میں مسلم لیگ ن کے مقامی صدر شاہ رحمٰن کی پوری فیملی سمیت شیخ رشید احمد کی حمایت کے اعلان کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ شیخ راشد شفیق نے کہا کہ 25-20 سال تک شہرمیں آنا اپنی توہین سمجھنے والوں کی گلی محلوں میں انتخابی مہم فلاپ ہوچکی ہے۔ ہم نے اس شہر کی خدمت کی ہے اور کامیابی کے بعد غریب کو عزت دیں گے شہر کی خدمت کریں گے۔