پیپلزپارٹی آزاد کشمیر اورپیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کامل کر کام کرنے کا فیصلہ

Jun 23, 2018

راولپنڈی (نیوزرپورٹر)پا کستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر اور پاکستان پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن نے یکجا ہو کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے دفتر میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں صدر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر، جنرل سیکرٹری راجہ فیصل راٹھور، پاکستان پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے ڈویژنل صدر سردار سلیم حیدر خان، ڈویژنل جنرل سیکریٹری خرم پرویز راجہ اور ڈویژنل نائب صدر و ترجمان پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن راجا عمار شوکت ترک نے شرکت کی۔ الیکشن 2018 کے حوالے سے بہتر کارکردگی و عمدہ نتائج حاصل کرنے کیلیے حکمت عملی طے کی گئی۔ راولپنڈی ڈویژن میں بسنے والے کشمیری مہاجرین و عہدیداران پیپلزپارٹی آزاد کشمیر پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کی زیلی تنظیموں کے ساتھ ملکر الیکشن 2018 میں پیپلزپارٹی کی کامیابی کے لئے انتھک محنت کریں گے اور پارٹی امیدواروں کو فتح یاب کریں گے۔ دونوں پارٹیوں کے الائیڈ ونگز بھی اکھٹے کام کریں گے، پارٹی میٹنگز، فنگشنز، جلسے جلوس و تنظیم سازی کے عمل میں ایک دوسرے کی معاونت کریں گے۔ پچھلی تین دہائیوں سے دونوں تنظیمیں الگ الگ کام کر رہی تھیں اور بوقت ضرورت ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کرتی تھیںمگر اب باضابطہ طور پر پارٹی کی بہتری کے لئے یک جان ہو کر کام کریں گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے راولپنڈی ڈویژن میں منتخب نمائندے پاکستان پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن میں ایگزیکٹیو ممبر کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور انہیں ڈویژنل کونسل کا ممبر بھی بنایا جائیگا۔ پاکستان پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے منتخب نمائندوں کو بھی پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں ایگزیکٹیو ممبر کی حیثیت حاصل ہوگی۔ اس امر سے یقینی طود پر پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن میں نہ صرف مزید مستحکم ہوگی بلکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریاتی کارکنوں کی درمیان فاصلے بھی ختم ہوں گے۔

مزیدخبریں