لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے فریٹ کے بعد مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں بھی 6سے 7فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھنے سے ریلوے پر 3ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے ،حیدر آباد ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ موصول ہو گئی ہے جس میں انسانی غلطی ظاہر ہوئی ہے ، چیئرمین ریلوے نے کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو 15روز میں مکمل رپورٹ پیش کرے گی ، میثاق معیشت کا حامی ہوں ،پہلے بجٹ تو پاس کرنے دیں پھر سیاست کو بھی دیکھیں گے، اسد عمر کی تقریر کی توثیق کرتا ہوں لیکن اسے کہنے کا طریقہ اپنا اپنا ہے،اپوزیشن رہنمائوںکے بچوں کی تحریک ٹک ٹاک پروگرام ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ریلو ے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ تمام ڈرائیوروں اور اسسٹنٹ ڈرائیوروں کو میڈیکل سرٹیفکیٹ کیلئے والٹن اکیڈمی بھیجنے کی ہدایت کی ہے ،نئے بھرتی ہونے والے ڈرائیوروں کی مستقل بنیادوں پر بھرتی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ریلوے پر بھی 3ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے ۔ یکم جولائی سے کرایوں میںاضافہ کیا جارہا ہے جس کے تحت اکانومی کلاس میں کراچیہ 100روپے سے زیادہ نہیں بڑھایا جائے گا جبکہ باقی ٹرینوں میں 6سے 7فیصد کرائے میں اضافہ کیا جائے گا ، پچاس کلو میٹر تک سفر پر کرائے میں اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدر آباد ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ موصول ہو گئی جس میں انسانی غلطی ظاہر ہوئی ہے اور ٹرین کی رفتار بھی زیادہ تھی ، ہمیں مسافر اور فریٹ ٹرین کو ایک ساتھ نہیں نکالنا چاہیے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نے اس پر انکوائری کمیٹی بنا دی ہے اور 15روز میں مکمل رپورٹ سامنے آ جائے گی۔انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے میثا ق معیشت کی پیشکش کے حوالے سے کہا کہ اب آپ انہیں تقریر تو کرنے دیں ، دو آدمی پارٹی نہیں بدل سکتے ایک شیخ رشید اور دوسرا برادر یوسف ہے ، یہاں لوگوںکا بیانیہ بدلا ہے ، پارٹیاں بدلی ہیں ، میں میثاق معیشت کا حامی ہوں، بجٹ تو پاس کرنے دیں پھر سیاست کو دیکھیں گے ۔ ہماری کوشش ہے کہ بجٹ میں غریب کو رعایت دلا سکیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر ان لوگوں کو سمجھ ہے تو عمران خان کے سوا کوئی آپشن نہیں اور باقی جو آپشن ہے انہیں لگ پتہ جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ ابھی اے پی سی کی تاریخ نہیں آئی ، یہ سمجھتے تھے کہ منی لانڈرنگ کے پیسے سے مولانا فضل الرحمان بندے لے آئے گا ،یہ لوڈنگ ان لوڈنگ کا مسئلہ نہیں ، 126دن دھرنا دینا کوئی آسان کام نہیں ۔یہ چاہتے ہیں کہ میڈیا میڈیا کھیلا جائے ۔اسن پر سنگین الزامات ہیں اور عدالتیں ان کی درخواستیں مسترد کر رہی ہیں۔ شیخ رشید
شیخ رشید نے ریلوے کرایوں میں 7 فیصد تک اضافہ کا اعلان کردیا
Jun 23, 2019